ہری پور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہےکہ 25 دسمبر کو کراچی میں مزار قائد پر ہونے والے جلسے میں نئے پاکستان کا پروگرام پیش کروں گا۔
پاکستانی صوبہ خیبر پختون خوا کے ضلع ہری پور میں عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ کراچی کے جلسہ میں پاکستانیوں کو اکٹھا کرکے ایک نئے پاکستان کی تعمیر کروں گا، جس میں تمام لوگ خوشحال ہوں گے۔
انہوں نے کہاکہ نیا پاکستان اتنی ترقی کرے گا کہ پاکستان کے لوگوں کو روزگار کےلئے کسی دوسرے ملک جانے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ دوسرے ممالک کے لوگ روزگار کے لئے پاکستان آیا کریں گے۔
تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا پاکستان وہ ملک ہے جہاں سونا، گیس، تیل اور سینکڑوں معدنیات موجود ہیں لیکن ایمانداری موجود نہیں ہے، اگر ایمانداری ہوگی تو ہی پاکستان ترقی کرے گا۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور پاکستانیوں کی بھلائی کے لئے کام وہ لوگ نہیں کرسکتے جن کے پیسے اور جائیداد ملک سے باہر ہے، پاکستان کےلئے صرف وہی کام کرسکتا ہے جس کا سب کچھ پاکستان میں ہو۔
ہزارہ صوبہ سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم ہزارہ صوبہ بنا کر عوام کی خواہش کو پورا کریں گے، اور یہ صوبہ بنانے کےلئے ایک کمیشن تشکیل دیں گے۔
0 comments:
Post a Comment